پاکستان میں آئندہ مالی سال 19-2018 کے لیے 59 کھرب 32 ارب روپے سے زائد کا وفاقی بجٹ پیش کردیا گیا جس میں دفاع کے لیے گزشتہ برس کے مقابلے میں دس فیصد اضافہ کرتے ہوئے 11کھرب (1100 ارب) روپے تجویز کیے ہیں۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے حکومتی اور اپوزیشن ارکان کی ہنگامہ آرائی کے دوران مالی سال برائے 19-2018 کا بجٹ جمعہ کو پارلیمان کے ایوان زیریں میں پیش کیا۔ آئندہ مالی سال کے لیے ترقیاتی کاموں کے لیے 20 کھرب 43 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ ترقیاتی بجٹ میں وفاق کے لیے 10 کھرب 30 ارب روپے جب کہ صوبوں کے لیے 10 کھرب 13 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ تیزی سے ترقی کرتی معیشت اپنی بجٹ تقریر میں وزیر خزانہ مفتاع اسماعیل نے کہا کہ پاکستان تیزی سے ترقی کرنے والے ممالک میں شامل ہو چکا ہے۔ گزشتہ پانچ برسوں میں معیشت کے حجم میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ مالی سال 14-2013ء میں ایک تباہ شدہ معیشت ملی تھی لیکن حکومتی کارکردگی کی وجہ سے معاشی ترقی کی شرح 13 سال کی بلند ترین سطح پر رہی جو اب 5 اعشاریہ 8 فیصد پر پہنچ چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے حکومت سنبھالی تو دہشتگردی کا سامنا تھا، ملک میں امن ...